اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم بیان فرما رہےہیں کہ جس نے مؤذن کی اذان سننے کے بعد یہ دعا پڑھی: (اللَّهُمَّ رَبَّ هَذِهِ الدَّعْوَةِ التَّامَّةِ) یعنی اذان کے یہ کامل الفاظ، جن کے ذریعے اللہ کی عبادت اور نماز کی جانب بلایا جاتا ہے اور کھڑی ہونے والی نماز، جو ہمیشہ پڑھی جاتی رہے گی، کے رب! "آتِ مُحَمَّدًا الوَسِيلَةَ وَالفَضِيلَةَ" محمدﷺ کو جنت کا وہ اونچا مقام عطا فرما، جو آپ کے علاوہ اور کسی کو زیب نہیں دیتا اور ديگر مخلوقات کے مراتب سے اعلى مرتبہ عطا فرما۔ "وَابْعَثْهُ مَقَامًا مَحْمُودًا الَّذِي وَعَدْتَهُ" اور انہیں مقام محمود عطا کر، جس کا تو نے ان سے یہ فرما کر وعدہ کیا ہے: "عسى أن يبعثك ربك مقامًا محمودًا" (عنقریب آپ کا رب آپ کو مقام محمود میں کھڑا کرے گا)۔ جس نے یہ دعا پڑھی، وہ قیامت کے دن اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی شفاعت کا حق دار ہو گا اور اس کے لیے آپ کی شفاعت واجب ہو جائے گی۔