اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بتایا کہ اہل جنت جب جنت کی نعمتوں سے لطف اندوز ہو رہے ہوں گے، تو ایک پکارنے والا پکار کر کہے گا: یہاں تمھارے لیے اس بات کا انتظام ہے کہ تم سدا صحت مند رہو گے اور کوئی چھوٹی سے چھوٹی بیماری بھی تمھارے پاس نہ آئے گی۔ تم سدا زندہ رہوگے اور تم کو کبھی موت نہیں آئے گی۔ نیند بھی نہیں، جو موت کی چھوٹی شکل ہے۔ تم ہمیشہ جوان ہی رہوگے اور بڑھاپا تمھارے قریب سے بھی نہ گزرے گا۔ یہاں تم ہر طرح کی نعمتوں میں رہوگے۔ نہ غم ہوگا، نہ فکر ہوگی۔ اسی کا ذکر اللہ عز و جل کے اس فرمان میں ہے : {ونُودُوا أنْ تلكم الجنة أورثتموها بما كنتم تعملون} [الأعراف: 43]. "یعنی انھیں پکار کر کہا جائے گا : یہی وہ جنت ہے، جس کے وارث تم ان اعمال کی وجہ سے بنائے گئے ہو، جو تم کیا کرتے تھے"۔