حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہما کہتے ہيں کہ وہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے ساتھ تھے۔ اسی دوران آپ نے پیشاب کرنے کا ارادہ کیا، تو ایک جگہ گئے، جہاں لوگ گھروں میں جھاڑو لگانے کے بعد جمع ہونے والا کوڑا اور مٹی پھینکا کرتے تھے اور وہاں کھڑے ہو کر پیشاب کیا۔ جب کہ عام طور پر آپ بیٹھ کر ہی پیشاب کیا کرتے تھے۔ یہ دیکھ کر حذیفہ رضی اللہ عنہ آپ سے دور ہٹنے لگے، تو آپ نے پاس آنے کے لئے کہا۔ چنانچہ وہ بالکل پاس جاکر آپ کے پیچھے ایڑیوں کے پاس کھڑے ہو گئے، تاکہ ایک طرح سے سترہ بن جائيں اور کوئی آپ کو اس حالت میں دیکھ نہ سکے۔ اس کے بعد آپ نے وضو کیا اور جب پاؤں دھونے کی باری آئی، تو دونوں موزوں کو دھونے کے بجائے ان پر مسح کر لیا۔ موزوں سے مراد چمڑے وغیرہ سے بنى ہوئے پیروں میں پہننے والى چیزیں ہيں، جو دونوں قدموں کو ڈھانپ کر رکھتى ہیں۔