اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے بتایا کہ نماز میں مردوں کی سب سے بہتر، زیادہ ثواب کی حامل اور فضیلت والی صف پہلی صف ہے۔ کیوں کہ پہلی صف میں کھڑے لوگ امام سے قریب ہوتے ہیں، آسانی سے اس کی قراءت سن سکتے ہيں اور عورتوں سے دور ہوتے ہيں۔ جب کہ مردوں کی سب سے بری، کم ثواب، کم فضیلت والی اور شرعی مقاصد سے سب سے دوری والی صف آخری صف ہے۔ اس کے برخلاف عورتوں کی سب سے بہتر صف آخری صف ہے۔ کیوں کہ یہ ان کے حق میں زیادہ پردے کی حامل، مردوں کے ساتھ اختلاط، ان کے دیدار اور ان کے فتنہ سے زیادہ دور ہے۔ جب کہ ان کی سب سے بری صف پہلی صف ہے، جو مردوں سے قریب ہوتی ہے اور اس میں فتنے کے امکانات بھی رہتے ہيں۔