رسول اللہ ﷺ نے اس بات کی خبر دی ہے کہ اللہ کے ڈرسے رونے والا شخص جھنم کی آگ میں داخل نہيں ہوگا۔ كیونکہ عام طور پر خوف وڈر کی وجہ سے آدمی اطاعت وفرماں برداری کرتا ہے اور گناہوں سے اجتناب کرتا ہے۔ ”یہاں تک کہ دودھ تھنوں ميں واپس چلا جائے“ یہ تعلیق بالمحال کے طور پر ہے (یعنی جس طرح دوہے ہوئے دودھ کا تھنوں میں واپس جانا محال ہے، اسی طرح اس شخص کا دوزخ میں جانا محال ہے)۔ نیز کسی آدمی پر اللہ کی راہ کا گرد و غبار اور جھنم کا دھواں اکٹھا نہیں ہو سکتے۔ گویا کہ يہ دونوں ایک دوسرے کی ضد ہیں جو یکجا نہیں ہو سکتے، جس طرح کہ دنیا اور آخرت ایک دوسرے کی ضد ہیں۔