دجال کا خروج قيامت کی بڑى نشانيوں ميں سے ايک نشانی ہے، جيسا کہ حديث ميں بيان کيا گيا ہے۔ اور يہ ان غيبی أمور ميں سے ہے جس پر رسول اللہ ﷺ کی دی ہوئی خبر کے مطابق ايمان لانا اور اس کی تصديق کرنا واجب ہے۔ اسی لیے دجال کی مکمل صفت بيان کر دی گئی ہے تاکہ مسلمانوں پر اس کا معاملہ واضح رہے۔ لوگوں کی آزمائش کے لئے اللہ رب العالمين نے اسے بہت سے اختيارات اورخوارق سے نوازا ہے، مکہ اور مدينہ کو چھوڑ کر وہ ساری دنيا کا چکر لگائے گا اور اس کا خاتمہ عيسیٰ عليہ السلام کے ہاتھوں ہوگا۔ پھر اس کے بعد قيامت کی ايک اور نشانی کے طور پر ياجوج ماجوج کا ظہور ہوگا، جو دنيا کو فتنہ وفساد سے بھر ديں گے۔ عيسیٰ عليہ السلام اور مومنين اللہ رب العالمين سے گريہ وزاری ميں لگ جائيں گے يہاں تک کہ اللہ رب العالمين انھیں ان سے نجات د ے گا۔ اور ان بڑی بڑی نشانيوں کے بعد قیامت قائم ہوگی، جب کہ اللہ رب العالمين مومنين کی روحوں کوقبض کر لیا ہوگا اور قيامت برے لوگوں پر قائم ہوگی۔