معزز صحابی عبد اللہ بن وقدان سعدی رضی اللہ عنہ اپنے یہاں کے کچھ لوگوں کے ساتھ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس آئے۔ ان میں سے ہر شخص آپ سے کچھ نہ کچھ پوچھنا چاہتا تھا۔ وہ آپ کے سامنے سب سے آخر میں حاضر ہوئے اور انھوں نے جو سوال پوچھے، ان میں سے ایک یہ تھا کہ ان کے پیچھے رہ جانے والے لوگوں میں سے کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اب ہجرت کا سلسلہ بند ہو چکا ہے۔ اس کا جواب اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم نے یہ دیا کہ دارالکفر سے دارالاسلام کی جانب ہجرت کا سلسلہ اس وقت تک بند نہیں ہوگا، جب تک مسلمانوں اور کافروں کے بیچ جنگ جاری رہے گی۔ یہ اور بات ہے کہ مکہ سے مدینہ کی جانب ہجرت بند ہو چکی ہے، کیونکہ ایک دوسری حدیث میں ہے : "لا هجرة بعد الفتح" یعنی فتح مکہ کے بعد مکہ سے مدینہ کی جانب ہجرت نہیں رہی (متفق علیہ)۔